کراچی:
عالمی ادارہ صحت ایچ آئی وی (وائرس) میں مبتلا مریضوں کے علاج کیلیے دوا اے آر وی (اینٹی ریٹروول ڈرگ) کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے اختتام میں محکمہ صحت سندھ کے حوالے کرے گا۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایچ آئی وی کی اسکریننگ کیلیے مزید 50 ہزار نئی کٹس بھی فراہم کی جائیں گی جس کے ذریعے سندھ بھر میں ضلع سطح پر ایچ آئی وی کی اسکریننگ کی جا سکے گی۔
سندھ میں ایچ آئی وی کے کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے کیلیے وزیر صحت سندھ نے عالمی ادارہ صحت سے مدد مانگی تھی اور عالمی ادارہ صحت نے سندھ میں ایچ آئی وی کی روک تھام اور اسکریننگ کیلیے محکمہ صحت سندھ کی مدد کا فیصلہ کیا تھا جس کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت رواں ماہ ایچ آئی وی (وائرس) میں مبتلا مریضوں کے علاج کیلیے استعمال کی جانے والی دوا اینٹی ریٹروول ڈرگ محکمہ صحت سندھ کے حوالے کردے گا۔