واشنگٹن(پاکستان نیوز) سابق صدور رونالڈ ریگن، جارج ڈبلیو بش اور ڈونلڈ ٹرمپ کے خارجہ پالیسی کے مشیر کے طور پر خدمات سرانجام دینے والے ایلیٹ ابرامز نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کے تیزی سے بدلتے ہوئے حالات و واقعات کے تناظر میں بائیڈن حکومت کی خارجہ پالیسی بھی بدلتی دکھائی دے رہی ہے۔ 21ویں صدی میں امریکہ کا سب سے بڑا چیلنج صرف چین ہے۔ امریکی اتحادیوں کا رجحان چین کی طرف تیز سے بڑھانے کی وجہ سے امریکی حکومت تذبذب کا شکار اور پریشان دکھائی دے رہی ہے۔ کھیل کے میدان کے نئے قوانین مرتب کئے جا رہے ہیں۔ امریکہ کو یوکرین کی جنگ اور چین کے ساتھ مقابلہ بازی کی بجائے اپنی توجہ ایران سمیت مشرق وسطیٰ کے مسائل کے حل کے لئے وقف کرنی چاہیے۔ امریکہ کی ایران کے بارے میں کوئی پالیسی نہیں ہے۔ ایران تمام تر پابندیوں کے باوجود ترقی اور اپنے جوہری اثاثوں میں اضافہ کررہا ہے۔ صدر بائیڈن سمجھتے ہیں کہ ایران پر پابندیاں لگا کر انہوں نے بہت بڑا کام کیا ہے لیکن ایسا ہرگز نہیں۔