عرفات (پاکستان نیوز) پاکستان سمیت دنیاسے آئے لاکھوں عازمین حج نے مناسک حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ کیا اور دعائیں مانگیں،اس موقع پر سعودی علماء کونسل کے رکن شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان متحد ہوں ، تفرقہ شیطان کا کام ہے ، باطل سے دور رہیں،شریعت سے دوری اختیار کرنیوالے دین کی طرف واپس آجائیں،توحید پر کاربند رہنے والوں کیلئے ہی نجات ہے، وقوف عرفہ کے بعد لاکھوں عازمین نے مزدلفہ پہنچ کر مغرب و عشائ کی نمازیں اکٹھی ادا کیں،آج منیٰ پہنچیں گے،رمی جمرات کے بعد قربانی کرینگے اور احرام اتار دینگے۔ سعودی علماء کونسل کے رکن شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ، اے ایمان والو تم اللہ کی اطاعت کرو،نماز قائم کرو انہوں نے کہا کہ اللہ نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا کہ اللہ کی اطاعت کرو،حدوداللہ کا خیال رکھو، انکا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو متحد ہوکے رہنا بے حد ضروری ہے ،ایک مسلمان دوسرے مسلمان کیلئے ایک عمارت کی طرح ہے ، آپس میں اختلافات پیدا نا کرو،امام مسجد نمرہ شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے کہا کہ ہمیں حکم دیاگیا ہے کہ شرعی طور پہ آپس کے اختلافات کا سدباب کریں اللہ تعالیٰ نے فرمایا مل جل کے رہنے میں برکت ہے ،آپس میں اتحاد واتفاق قائم کرو،علیحدہ رہنے میں مصیبتیں ہیں، یہی حج کا پیغام بھی ہے۔