ممبئی:
اداکارہ کونکنا سین شرما، فلمساز شیام بینگل، انوراگ کیشپ اور منی رتنم سمیت 49 بالی ووڈ فنکاروں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے جس میں مسلمانوں اور اقلیتوں پر ہونے والے تشدد کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں پر بڑھتے مظالم اور تشدد نے بالی ووڈ فنکاروں کو بھی آواز اٹھانے پر مجبور کردیا ہے۔ فنکاروں اور سماجی کارکنوں کی جانب سے نریندر مودی کو لکھے گئے کُھلے خط میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں پر ہونے والے تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسلمانوں، دلت اوردیگر اقلیتوں پر ہونے والے تشدد کو اب بند ہوناہوگا۔
فنکاروں نے کہا ہم این سی آر بی(نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو)کی رپورٹس دیکھ کر حیران ہیں جس کے مطابق جنوری 2009 سے لےکر اکتوبر 2018 تک بھارت میں مذہب کی بنیاد پر 254 جرائم رپورٹ ہوئے اور کم سے کم 91 لوگوں کو قتل کیا گیا جب کہ ان واقعات میں 579 لوگ زخمی ہوئے۔
خط میں فنکاروں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا پارلیمنٹ میں تشدد کے ان واقعات کی مذمت کرنا کافی نہیں۔ ان واقعات کے خلاف کیا ایکشن لیاگیا یہ بتایا جائے۔ اس کے علاوہ فنکاروں نے ان واقعات میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیاہے۔
شیئرٹویٹشیئرمزید شیئر