فلسطین حامی طلباء کا انوکھااحتجاج، بائیڈن کوہزیمت کاسامنا

0
7

واشنگٹن(پاکستان نیوز) ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کے مور ہائوس کالج میں منعقدہ تقریب میں اس وقت صدر جو بائیڈن کو سخت ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے خطاب کے آغاز میں ہی متعدد طلبا نے احتجاجاً اپنے چہرے دوسری طرف اور پشت ان کی طرف کردی۔ احتجاج کی وجہ سے صدر بائیڈن تذبذب کا شکار نظر آئے اور انہوںن ے موقع کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے خطاب کے آغاز میں کہا کہ وہ پر امن مظاہرے کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے احتجاجاً منہ موڑنے والے گریجویٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ کے جذبات کا احساس ہے اور میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ آپ کی آوازیں سنی جانی چاہئیں، آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں انہیں سنوں گا۔ گریجویشن تقریب میں طلبا کی ایک بڑی تعداد نے فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اور ان سے منسلک روایتی سکارف اپنے کندھوں پر لپیٹا ہوا تھا۔ صدر بائیڈن نے مزید کہا کہ اس وقت غزہ میں بڑا انسانی بحران ہے اسی لیے میں نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے انہوں نے تسلیم کیا کہ میری بعض پالیسیوں کی وجہ سے لوگ مجھ سے ناراض اور مایوس ہیں، میں کئی بار اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے کہہ چکا کہ معصوم شہریوں کی حفاظت کے لئے فوری جنگ بندی کی جائے، غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ دل دہلا دینے والا لمحہ ہے۔ بیگناہ فلسطینی مرد، عورتیں اور بچے مارے گئے یا بے گھر ہو گئے لہٰذا ہماری کوششیں جاری ہیں کہ جنگ کو فوراً روکا جائے تاکہ یرغمالیوں کو گھر واپس لایا جا سکے، میں امن معاہدے پر کام کررہا ہوں جس کے جلد ہی بہترنتائج نکلیں گے۔ صدر بائیڈن نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان دو ریاستی حل کے معاہدے کے لئے کوششوں کا ذکر کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here