اسلام آباد(پاکستان نیوز) وزارت داخلہ نے بیرون ملک پناہ لینے والوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملکی سلامتی اور سکیورٹی کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی وزارت کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں، وزیر داخلہ کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے اس حوالے سے مراسلہ وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایسے تمام پاکستانی جو کسی بھی بنیاد پر دوسرے ممالک میں پناہ لیں گے ان کو پاسپورٹ جاری نہیں کیا جائے گا، نا صرف ایسے پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخ کردیے جائیں گے بلکہ ان کے پاس پہلے موجود پاسپورٹ کی دوبارہ تجدید بھی نہیں کی جائے گی۔ چند روز قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے انہیں ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دیا، نارمل پاسپورٹ 30 روز میں جاری ہوگا، اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اس پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا، اس وقت اوورسیز پاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 4 ماہ اور ارجنٹ پاسپورٹ ڈیڑھ ماہ میں مل رہا ہے، آئندہ پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، مقرر کردہ مدت کے اندر پاسپورٹ جاری نہ ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لوں گا۔