سیاسی دلدل …ڈی چوک اور پی ٹی آئی !!!

0
20

15اکتوبر اسلام آباد پاکستان میںSCOشنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہو رہا ہے۔ جیسا کہ ٹی وی پر دکھایا جارہا ہے کہ اسلام آباد کو ایک دُلہن کی طرح سجایا گیا ہے کیونکہ شنگھائی تعاون تنظیم میں بڑے بڑے سربراہ اسلام آباد تشریف لا رہے ہیں۔ جن میں چینی صدر جو ایک دن پہلے ہی پاکستان تشریف لائے ہیں۔ اس کے علاوہ روس اور دوسرے اہم ممالک کے سربراہ بھی آرہے ہیں جو پاکستان کے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ خُدا کرے کہ یہSCOکا اجلاس خیر خیریت سے انجام پا جائے کیونکہ دوسری طرف پاکستان کی دُشمن قوتیں اس اجلاس کو ناکام کرانے کے لیے بھی سرگرم ہیں۔ خاص کر پی ٹی آئی نے بھی15اکتوبر کو ہی ڈی چوک پر جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جو اکثر ڈی چوک پر اس قسم کے مظاہرے ، دنگا فساد اور شور شرابہ کرتے رہتے ہیں اور حکومت وقت ان مظاہروں کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کرتی ہے جس سے اسلام آباد اور دوسرے بڑے شہروں کے شہری بھی ڈسٹرب ہوتے ہیں جس سے ملک کی معیشت کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ اس کے لیے میری پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت سے درخواست ہے کہ وہ خدارہ پاکستان کی عزت کی خاطر اس احتجاج کو کچھ دنوں کے لیے ملتوی کردیں، عقل و دانش کا مظاہرہ کریں۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں، یہ جلسے جلوس تو ہوتے ہی رہیں گے۔ پاکستان میں تقریباً27سال بعد یہ ایک بڑا ایونٹ ہو رہا ہے۔ ہر پاکستانی کی کوشش ہونی چاہیے کہ یہ ایونٹ کامیاب ہو۔ ایسے بڑے ایونٹ پر ہلا گلا اور خونی احتجاج کسی بھی پاکستانی سیاسی جماعت کو زیب نہیں دیتا۔ سیاست اور سیاسی جلسے جلوس تو بعد میں بھی ہوتے رہیں گے۔ خُدارہ غزہ، افغانستان، عراق، لیبیا، شام اور لبنان کو دیکھیں۔ جن ممالک کی افواج ختم ہوجاتیں ہیں وہ ملک تباہ وبرباد ہوجاتے ہیں۔ میری ایک بار پھر پی ٹی آئی سے اپیل ہے کہ خداراہ15اکتوبر کا احتجاج ملتوی کردیں۔ توڑ پھوڑ اور اپنی ہی فوجی قومی املاک کو نقصان پہنچانا کہاں کی عقل مندی ہے۔ ملک پہلے ہی بہت سے بحرانوں میں پھنسا ہوا ہے۔ دہشت گردی پاکستان کے دو صوبوں میں اپنے عروج پر ہے۔ امریکہ انڈیا اور اسرائیل پاکستان میں دہشت گردی کروا رہے ہیں کہ پاکستان اپنی ہی خانہ جنگی میں پھنسا رہے۔ پاکستان کو ایران کی طرح غزہ اور لبنان کی مدد کرنے کا موقعہ ہی نہ ملے۔ خداراہ دُشمن کی اس چال کو سمجھیں اور کوئی ایسی حرکت نہ کریں جس سے پاک وطن کو کوئی نقصان پہنچے۔ میری دُعا ہے کہ باری تعالیٰ ہم سب کو عقل وشعور دے۔ تاکہ ہم وطن عزیز کے خلاف ہونے والی سازش اور دہشت گردی کو سمجھ سکیں اور افواج پاکستان کے ہاتھ مضبوط کریں۔ پاک فوج زندہ باد۔ پاکستان پائندہ باد۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here