نیویارک(پاکستان نیوز) امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کردی۔ غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 اراکین نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے 10 غیرمستقل ارکان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد پر ووٹ دیا۔ قرارداد میں غزہ میں 13 ماہ سے جاری جنگ فوری طور پر بند کرنے اور حماس کی قید میں موجود اسرائیلیوں کی رہائی کے لیے الگ سے مطالبہ کیا گیا تھا۔ سلامتی کونسل میں صرف امریکا نے مستقل رکن کی حیثیت سے ویٹو کا اختیار استعمال کیا اور جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کردیا۔ اقوام متحدہ میں امریکا کے نائب سفیر رابرٹ ووڈ نے کہا کہ واشنگٹن نے واضح کیا تھا کہ وہ صرف ایسی قرارداد کی حمایت کریں گے جو واضح طور پر گرفتار افراد کی رہائی سے متعلق ہو اور یہ مطالبہ جنگ بندی کی تجاویز میں شامل تھا۔