چندی گڑھ(پاکستان نیوز) بی جے پی کے زیر اقتداربھارتی ریاست ہریانہ میں مسلمان قبرستان نہ ہونے کی وجہ سے میتیں اپنے گھروں میں دفن کرنے پر مجبور ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع چرخی دادری کے علاقے گڈانہ میں 50سے زائد مسلمان خاندانوں کو قبرستان نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ صورتحال تیزی سے سنگین ہوتی جا رہی ہے اورعلاقے کے لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی حل نہ نکالا گیا تو وہ اپنی میتوں کے ساتھ حکام کے دروازوں پر احتجاج کریں گے۔ ایک رہائشی نے بتایاکہ ہم اپنے مردوں کو اپنے صحن میں دفنانا جاری نہیں رکھ سکتے۔انہوں نے کہاکہ قبرستان نہ ہونے کی وجہ سے ہم قبروں کے درمیان رہنے پر مجبورہیں۔ بہت سے رہائشیوں نے اپنے پیاروں کی قبروں میں گھرے رہنے پر پریشانی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ غیر فطری محسوس ہوتا ہے،ہم قبروں کے درمیان رہ رہے ہیں اور یہ بہت پریشان کن ہے۔گوڈانہ میں مسلم کمیونٹی خود کو الگ تھلگ اوراجنبی محسوس کر رہی ہے کیونکہ حکام مسئلہ حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ایک شخص نے بتایاکہ ہم خالی وعدوں سے تھک چکے ہیں۔ ہمارا مطالبہ سادہ ہے ۔ ہمارے مرنے والوں کے آرام کے لیے ایک باوقار جگہ فراہم کی جائے۔ ایک دیہاتی نے بتایاکہ اسے اپنے بزرگ رشتہ دار کو دفنانے کے لیے تین دن انتظار کرناپڑا کیونکہ تدفین کی جگہ دستیاب نہیں تھی۔