اوٹاوہ(پاکستان نیوز) کینیڈا میں تعلیم کے حصول کیلئے جانے والے بھارتی طلبا کی بڑی تعداد تعلیم حاصل کرنے کی بجائے ملازمتیں کر رہے ہیں ۔کشمیرمیڈیاسروس ے مطابق امیگریشن، ریفیوجی اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے جانے والے تقریباً 20 ہزار بھارتی طلبہ کالجوں اور یونیورسٹیوں سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔ امیگریشن ماہرین کے مطابق، زیادہ تر غائب ہونے والے بھارتی طلبہ کینیڈا ہی میں ملازمتیں کر رہے ہیں اور مستقل رہائش حاصل کرنے کا خواب سچ کرنے میں لگے ہیں۔ معاشیات اور امیگریشن امور کے ماہرہینری لوٹن نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں سے غیر حاضر بھارتی طلبہ امریکہ کی سرحد پار کرنے کے بجائے کینیڈا میں ملازمت کو ترجیح دے رہے ہیں اور ان کا مقصد کینیڈا میں مستقل رہائش اختیار کرنا ہے۔ کینیڈین امیگریشن حکام سال میں دو بار کالجوں سے طلبہ کی حاضری کا ریکارڈ طلب کرتے ہیں تاکہ غیر ملکی طلبہ کی طرف سے اسٹڈی پرمٹ کی شرائط پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔ کینیڈا میں بھارتی طلبا کی تعلیمی اداروں میں غیر حاضری سے متعلق تحقیقات بھارتی ریاست گجرات کے رہائشی ایک خاندان کے متعدد افراد کی کینیڈاامریکہ سرحد عبور کرنے کی کوشش میں شدید سردی کے باعث ہلاکت کے بعد شروع کی گئی ہیں۔