اسلام آباد (پاکستان نیوز) نیشنل ٹیلی کام اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکیورٹی بورڈ کی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق اسمارٹ ڈیوائسز، جیسے اسمارٹ واچز، فٹنس ٹریکرز اور دیگر ڈیوائسز کے ذریعے ہونے والے سائبر سیکیورٹی کے خطرات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ حساس مقامات پر ایسے آلات کے استعمال پر پابندی لگائی جانی چاہیے تاکہ ممکنہ ڈیٹا لیک اور غیر مجاز ٹریکنگ کو روکا جا سکے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ اسمارٹ ڈیوائسز نادانستہ طور پر خفیہ ڈیٹا کے افشائ کا سبب بن سکتی ہیں اور غیر مجاز ٹریکنگ کی سہولت فراہم کرسکتی ہیں، جو قومی سلامتی کے لیے بہت بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہیں۔ یہ آلات جو عام طور پر صحت کی نگرانی اور مواصلات کے لیے استعمال ہوتے ہیں، ماضی میں کئی ڈیٹا لیک اور سائبر حملوں میں ملوث ہوچکے ہیں، جس کے باعث سائبر سیکیورٹی ماہرین کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق حساس میٹنگ رومز، آپریشنل ایریاز اور دیگر ہائی سیکیورٹی زونز میں سمارٹ ڈیوائسز کے استعمال پر سخت پابندی لگانی چاہیے۔