ہزار سے زائد پاکستانی ڈاکٹرز کو امریکہ میں ریزیڈنسی ملنا اہم کامیابی ہے

0
12

نیویارک(پاکستان نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا ہے کہ ایک سال میں 1061 پاکستانی ڈاکٹروں کو امریکہ میں ریذیڈنسی ملنا پاکستان میں طبی تعلیم کیلئے ایک سنگ میل ہے۔ انھوں نے کہا ان ڈاکٹروں کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے امریکا میں ریذیڈنسی کی نشستیں حاصل کیں، ان ڈاکٹروں کی شاندار کارکردگی پی ایم ڈی سی کی طرف سے ملک میں طبی تعلیم کے معیار کو قائم رکھنے کیلئے متعین کردہ اعلی معیار کی عکاسی کرتی ہے اور اس کے مستحکم نصاب اور تربیتی پروگراموں کی کامیابی کو ظاہر کرتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے ڈاکٹروں کے درمیان تعلیمی فضیلت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور مزید کہا کہ ایک سخت نظام چیک اینڈ بیلنسز کے ساتھ پی ایم ڈی سی نے پاکستانی طبی اور ڈینٹل کالجز کو مضبوط نصاب اور جامع تربیتی پروگرام قائم کرنے کی رہنمائی فراہم کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکا میں ریذیڈنسی کے حصول کیلیے درخواست کا عمل انتہائی مشکل ہے اور امیدواروں کو غیر معمولی تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے، انہیں سخت امریکی میڈیکل لائسنسنگ امتحان (یو ایس ایم ایل ای) میں کامیابی حاصل کرنی ہوتی ہے اور ایک پیچیدہ درخواست کے عمل کو طے کرنا ہوتا ہے جس میں انٹرویوز اور جامع دستاویزات کا جمع کرنا شامل ہے۔ سب سے زیادہ محنتی اور مضبوط امیدوار ہی اس چیلنجنگ انتخاب میں کامیاب ہوتے ہیں۔ انکے مطابق جن معروف تعلیمی اداروں سے زیادہ تر ڈاکٹروں نے امریکا میں ریذیڈنسی کی نشستیں حاصل کی ہیں، ان میں ڈاو میڈیکل یونیورسٹی کراچی، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، علامہ اقبال میڈیکل کالج کالج، شفا کالج آف میڈیسن، جناح اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی شامل ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here