نیویارک (پاکستان نیوز) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں پاکستانی امریکن پولیس آفیسرز کی اعلیٰ عہدوں پر ترقی کا سلسلہ جاری ہے، کیپٹن وحید اختر ڈپٹی انسپکٹر ، لیفٹنٹ محمد عدنان احمد کیپٹن اور سارجنٹ فیاض خان لیفٹنٹ بن گئے۔ نیویارک پولیس ہیڈ کوارٹر میں اس سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پاکستانی پولیس افسران کی کامیابی پر پاکستانی کمیونٹی سمیت نیویارک پولیس میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ، کیپٹن وحید کا تعلق پاکستان کے ضلع منڈی بہائوالدین سے ہے ، کیپٹن وحید کی اس کامیابی پر کمیونٹی کی اہم شخصیات نے انہیں مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ، ترقی کے موقع پر کیپٹن وحید اختر نے کہا کہ وہ اپنی کامیابی کو کمیونٹی کے نام کرتے ہیں ، انھوں نے کہا کہ آج کا دن میرے اور میری فیملی کے لیے بہت خوشی کا دن ہے ، کافی عرصے سے میں اس ترقی کا انتظار کر رہا تھا اور آج اللہ تعالیٰ نے مجھے اس نعمت سے نوازا ہے ، انھوں نے کہا کہ آئندہ بھی اسی لگن اور محنت کے ساتھ کمیونٹی اور پاکستانی و مسلم افراد کی مدد کرتے رہیں گے۔