یمنی صدر ہادی کی اماراتی طیاروں کی بمباری رکوانے کیلئے سعودیہ سے مداخلت کی اپیل

0
104

ریاض:

یمن میں متحدہ عرب امارات کے جنگی طیاروں نے بمباری کی جس پر یمنی صدر منصور ہادی نے سعودی عرب سےمداخلت کی اپیل کی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر منصور ہادی نے متحدہ عرب امارات پر یمن کے موجودہ دارالحکومت عدن پر فضائی بمباری کا الزام عائد کرتے ہوئے سعودی عرب سے یو اے ای کو علیحدگی پسندوں کی مدد کرنے اور جارحیت سے باز رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یمن کے صدر منصور ہادی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات جنوبی علاقوں میں علیحدگی پسندوں کی حمایت کر رہا ہے جن کا مقصد عدن پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔ اماراتی طیاروں نے عدن میں حکومتی فورسز اور عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے۔

 

یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی کی جانب سے جاری بیان میں انکشاف کیا گیا کہ اماراتی طیاروں نے عدن اور زنجبار میں حکومتی فورسز پر فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں 40 اہلکار جاں بحق اور 70 شہری زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عدن ایئرپورٹ پر دہشت گردوں نے اتحادی افواج پر حملہ کیا جس کے جواب میں فضائی حملے کیے جن کا مقصد اتحادی افواج کو محفوظ بنانا تھا۔

ادھر جنگ زدہ یمن میں متحارب گروپ کی کارروائیاں بھی عروج پر ہیں، میڈیا کو جنگ زدہ علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں جس کے باعث یمنی صدر منصور ہادی کے متحدہ عرب امارات کے فضائی حملوں میں 40 سے زائد اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

واضح رہے کہ یمن میں باغیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد عالمی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کا دارالحکومت عدن کو بنایا گیا ہے جہاں علیحدگی پسند جماعت غلبے کے لیے جنگ لڑ رہی ہےجب کہ صدر منصور ہادی سعودی عرب میں مقیم ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here