کیلگری(پاکستان نیوز) کینیڈا کے صوبے البرٹا کے شہر چیسٹر میئر میں گھر میں آتشزدگی کے باعث پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے سات افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔کینیڈا کے شہر کیلگری کے نواح میں صبح سویرے گھر میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو نہ پایا جا سکا، جس کے باعث پاکستانی نژاد فیملی کے 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے، ہلاک ہونیوالوں میں 38 سا لہ مرد اور دو خواتین اور چار بچے شامل ہیں جبکہ ایک شخص اور 4 بچے محفوط رہے۔آگ کی شدت اتنی تیز تھی کہ بچ جانیوالے شخص نے ہر ممکن کوشش کی کہ اپنی اور اپنے بھائی کی فیملی کو بچا سکیں مگر وہ ان کے سامنے ہی شعلوں کی بھینٹ چڑھ گئے۔جاں بحق ہونیوالوں میں اسد، بیگم رافعہ رشید، بتول اور 4 بچے شامل ہیں۔ جاں بحق ہونیوالی فیملی کا تعلق کراچی سے ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں سے دو کی شناخت امجد کمال اور رافعہ راشد کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دیگر افراد میں ایک خاتون اور 4 بچے شامل ہیں، واقعے میں 4بچو ں سمیت 5افراد محفوظ بھی رہے۔کینیڈین حکام کا کہنا ہے آتشزدگی کے واقعے میں محفوظ رہنے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ وا قعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کینیڈا میں 7پاکستانیوں کی المناک ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واقعے میں کوئی مجرمانہ ہاتھ ملوث نہیں۔ ہماری دعائیں، ہمدردیاں المناک واقعے کے شکار افرادکے اہل خانہ کیساتھ ہیں، حقائق جاننے کیلئے ہمارا قونصل خانہ متعلقہ کینیڈین حکام سے رابطے میں ہے۔ جبکہ وینکوور میں ہمارے قونصل جنرل متعلقہ کینیڈین انتظامیہ کیساتھ رابطہ میں ہیں۔انہوں نے واقعے میں زخمی ہونیوالوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کینیڈین حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا علم تاحال نہیں ہوسکا۔ادھروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں،اس ضمن میں کینیڈا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر اور پاکستانی قونصلیٹ وینکوور، متاثرہ خاندان کیساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔وزیرخارجہ نے اس واقعہ میں جاں بحق ہونیوالوں کیلئے مغفر ت و بلندی درجات کی دعاکی اور غمزدہ خاندان کیساتھ اظہار تعزیت بھی کیا۔علاوہ ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے البرٹا، کینیڈا میں آتشز دگی سے جاں بحق پاکستانی خاندان سے اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا پوری قوم رنجیدہ ہے۔