اسلام آباد(پاکستان نیوز)افغانستان کی موجودہ صورتحال پر علاقی ملکوں کے انٹیلی جنس اداروں کے سربراہوں کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا ہے۔سکیورٹی ذرائع نے بات کرتے ہوئے اجلاس کی تصدیق کی۔انٹیلی جنس چیفس کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کے انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید نے کی۔اجلاس میں چین، ایران، روس، قازقستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے انٹیلی جنس چیفس نے شرکت کی۔مزیدذرائع کے مطابق اجلاس میں افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔خیال رہے 9 ستمبر کو انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ ولیم جوزف برنز نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران انہوں نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی۔ملاقات میں آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اس عزم کو دہرایا گیا کہ پاکستان خطے میں امن اور افغان شہریوں کے خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔