واشنگٹن(پاکستان نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے پیش نظر عوام کو ماسک نہ ملنے پر اسکارف سے چہرہ چھپانے کا مشورہ دے دیا۔ نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے ملک میں تیزی سے بڑھتے کورونا وائرس کیسز کے باعث عوام کو حفاظتی تدابیر کے طور پر مشورہ دیا کہ اگر ماسک دستیاب نہیں تو وہ عارضی طور پر اسکارف کا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ تقریباً ہر کسی کے پاس اسکارف ہوتا ہے، جو لوگ ماسک پہننا چاہتے ہیں وہ پہن لیں اس میں کوئی مسئلہ نہیں لیکن میں مشورہ دوں گا کہ بازار جاکر ماسک خریدنے کے بجائے اسکارف پہن سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ویسے تو ہم بڑی تعداد میں ماسک تیار کر رہے ہیں تاہم یہ ہسپتال بھیجنے کے لیے ہیں جہاں ان ماسک کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایسا صرف مختصر وقت کے لیے کرنا ہوگا اور امید ہے کہ جلد کورونا وائرس سے سب کو نجات مل جائے گی۔