اسلام آباد:
وزیراعظم عمران خان نے عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زاہد النیہان کو فون کرکے کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زاہدالنیہان کو فون کیا اور مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جب کہ وزیراعظم نے عرب امارات کے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیرمیں لاک ڈاؤن اورکرفیو چوتھے ہفتےمیں داخل ہوگیا ہے، اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھی سیز فائر کی خلاف ورزیاں بڑھ گئی ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اپنےجرائم سےتوجہ ہٹانےکیلیےجھوٹےحملےکاڈراماکرسکتاہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام اسلامی ریاستوں کی مضبوط حمایت کے منتظر ہیں، جب کہ پاکستان کےعوام کی بھی عرب امارات سمیت او آئی سی ممالک سمیت تمام مسلم ممالک سے امیدیں وابستہ ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر سے کرفیو، اور دوسری پابندیاں ہٹانے کیلیے ہنگامی اقدامات کرے، اگر دنیا نے بھارت کو نہ روکا تودو ایٹمی طاقتیں ٹکراجائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق شیخ محمد بن زاہد نے صورتحال سے آگاہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے موجودہ صورتحال کی روشنی میں لیے جانے والے اقدامات پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔