اسلام آباد (پاکستان نیوز) امریکا کی جانب سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کو انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کرنے کے بعد پاکستان نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں تعینات ایران کے سفیر ‘انتہائی قابلِ احترام شخصیت’ ہیں، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کو مطلوب فہرست میں نام کے باوجود رضا امیری کو سفارتی مراعات اور استثنیٰ حاصل ہے، اسلام آباد اور تہران کے درمیان تعلقات کے فروغ میں ان کا کردار ہے، انہیں احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ شفقت علی خان نے میڈیا کو بتایا کہ جہاں تک پاکستان کا تعلق ہے، ایران کے سفیر اسلام آباد اور تہران کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اپنے کردار کے باعث انتہائی قابلِ احترام سمجھے جاتے ہیں۔انہوں نیکہا کہ انہیں ایک سفیر کی حیثیت سے رضا امیری مقدم کو وہ تمام مراعات، استثنیٰ اور عزت حاصل ہے جو کسی بھی دوستانہ ہمسایہ ملک کے سفیر کو فراہم کی جاتی ہیں۔ رضا امیری مقدم نے17 جولائی 2023 میں پاکستان میں بطور ایرانی سفیر اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھااور آج ہی ان کی تعیناتی کو 2برس مکمل ہوگئے ہیں۔











