اسلام آباد(پاکستان نیوز) مالی سال2025ء کے اختتام پر پاکستان کا مجموعی بجٹ خسارہ61.6 کھرب روپے رہا، جو کہ مجموعی قومی پیداوار جی ڈی پی کا 5.4 فیصد بنتا ہے۔ تاہم شماریاتی فرق بڑھ کر3.2 کھرب روپے ہو گیا، جو کہ مالی سال2024 میں 1.7 کھرب روپے تھا۔شماریاتی فرق وہ مالیاتی تفاوت ہوتا ہے جو آمدن اور اخراجات کے مختلف اندازوں کے درمیان پایا جاتا ہے۔ چونکہ یہ ڈیٹا مختلف ذرائع سے مختلف طریقوں سے حاصل کیا جاتا ہے، اس لیے بعض اوقات آمدن اور اخراجات کا مکمل میل نہیں ہو پاتا، جس سے یہ فرق پیدا ہوتا ہے۔وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ مالیاتی رپورٹ کے مطابق مجموعی آمدن بشمول ٹیکس اور غیر ٹیکس آمدن168 کھرب روپے رہی۔ اس میں سے صوبوں کو68.5 کھرب روپے منتقل کیے گئے، جس کے بعد وفاقی حکومت کے پاس خالص آمدنی99.4 کھرب روپے بچی۔












