اسلام آباد(پاکستان نیوز) پاکستان میں طوفانی بارشوں ، سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ، شہر کے شہر ڈوب گئے ہیں جبکہ پہاڑی علاقے شدید قدرتی قہر کا شکار ہیں ، خیبرپختونخوا میں سیلاب سے 400سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جس میں سے 200افراد بونیر میں قدرتی آفات کا شکار ہوئے ہیں ، صوبہ خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب سے شروع ہونے والی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں اب تک تقریباً 400 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری تازہ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 17 مرد، چار خواتین اور دو بچے شامل ہے۔رپوٹ میں بتایا گیا ہے کہ ‘بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث اب تک مجموعی طور پر 74 گھر وں کو نقصان پہنچا ہے۔ جس میں 63 گھروں کو جزوی اور 11 گھر مکمل منہدم ہوئے ہیں۔یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر ، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔دوسری طرف پاکستان میں سیلاب سے بڑی تعداد میں اموات اور تباہی پر امریکا نے اظہار افسوس کیا ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے متاثرین سیلاب سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے تباہ کن اثرات جھیلنے والوں کے لیے دعاگو ہیں۔قبل ازیں ایران اور سعودی عرب نے بھی پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔











