کراچی میں عمارت کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق، 2 بچیاں زخمی

0
112

کراچی:

کھارادر مچھی میانی مارکیٹ میں رہائشی عمارت کی چھت گرنے سے میاں بیوی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی 2 کم سن بیٹیاں زخمی ہوگئیں۔

کے ایم سی گوشت مارکیٹ کے سامنے قدیم عمارت دیوی بائی بلڈنگ کی چھت رات گئے دھماکے سے گر گئی جس کے نتیجے میں گھر میں سوئے میاں، بیوی اور ان کی دو بچیاں ملبے میں دب گئیں۔

ایدھی، پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور علاقہ مکینوں کی مدد سے امدادی کام شروع کیا۔ رضا کاروں نے ایک الماری کے نیچے دبی دو بچیوں کو بحفاظت نکال کر سول اسپتال منتقل کیا۔ بچیوں کی شناخت 10 سالہ زینب دختر اکرم اور 8 سالہ ثنیہ کے نام سے ہوئی۔

 

زینب نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ والدین کے ساتھ گھر میں سوئے ہوئے تھے کہ چھت منہدم ہوگئی اور الماری ان کے اوپر آگری، انہیں نہیں پتہ پھر کیا ہوا۔

کچھ دیر بعد بچیوں کے والد 35 سالہ محمد اکرم اور ان کی اہلیہ 30 سالہ نازیہ کو بھی ملبے سے نکال لیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

ایس ایچ او کھارادر انسپکٹر احسن ذولفقار نے بتایا کہ جاں بحق میاں بیوی کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا، دیوی بائی بلڈنگ 100 سال سے زائد پرانی ہے جسے کافی عرصہ قبل مخدوش قرار دے دیا گیا تھا اور مذکورہ خاندان کو عمارت خالی کرنے کو کہا گیا تھا لیکن وہ لوگ غربت کے باعث وہاں رہائش پزیر تھے۔

محمد اکرم کا کہنا تھا کہ وہ محنت مزدوری کر کے بمشکل اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں، کرائے کا گھر لینے کے لیے ان کے پاس رقم نہیں ہے۔

واضح رہے اولڈ سٹی ایریا میں ایسی متعدد عمارتیں آباد ہیں جنہیں مخدوش قرار دیا گیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here