واشنگٹن(پاکستان نیوز) امریکہ میں اب بلیک فرائیڈے کی خریداری کا منظر بھی تبدیل ہو گیا، خریداروں نے سرد موسم اور لمبی قطاروں سے بچتے ہوئے اپنے لیپ ٹاپ اور موبائل فون کے ذریعے خریداری کو ترجیح دی۔ برطانوی خبررساںادارے رائٹرز کے مطابق امریکا، جو ماضی میں بلیک فرائیڈے پر خریداروں کیلئے بڑی سیلز اور لمبی قطاروں کے حوالے سے مشہور تھا، اب وہاں آن لائن خریداری کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔جہاں پہلے خریدار طویل قطاروں میں کھڑے ہو کر بہترین اشیا تلاش کرتے تھے، وہاں اب زیادہ تر لوگ اپنی خریداری آن لائن کر رہے ہیں۔ایڈوب اینالیٹکس کی رپورٹ کے مطابق اب تک امریکیوں نے بلیک فرائیڈے پر 8.6 ارب ڈالر آن لائن خرچ کیے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ کمپنی کے اندازے کے مطابق بلیک فرائیڈے پر امریکیوں کی آن لائن خریداری کی مجموعی رقم 11.7 ارب سے 11.9 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ سال 2023 میں بلیک فرائیڈے کے دوران آن لائن شاپنگ کے رجحان میں تیزی آئی ہے۔ ایڈوب اینالیٹکس کے ڈیٹا کے مطابق اس سیزن میں صارفین زیادہ تر صبح 10 بجے سے دن 2 بجے کے درمیان خریداری کرتے ہیں۔ایڈوب اینالیٹکس کے مطابق بلیک فرائیڈے کی خریداری کی کامیابی میں سب سے بڑا کردار ڈسکانٹس کا ہے۔ اس کے علاوہ سائبر ویک کے دوران صارفین سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی مدد سے پروموشنل کوڈز کی تلاش میں ہیں تاکہ مزید رعایت حاصل کر سکیں۔










