ضیغم کے حفظ قرآن کی مختصر مدت میں تکمیل، مدرسہ کی تاریخ کے چند مثالی واقعات میں سے ایک ہے، قاری عبدالمنان
شکاگو(پاکستان نیوز) ریاست الی نائے کے شہر اسکوکی میں پاکستانی کمیونٹی کے رکن اور ممتاز کاروباری شخصیت شاہد پرویز کے نو عمر صاحبزادے ضیغم شاہد نے گزشتہ دنوں دیوان ایونیو / آرتیشن پر واقع مدرسہ الصفاعہ سے الحمد اللہ حفظ قرآن کی تکمیل کی۔ ضیغم شاہد نے ڈیڑھ سال کے مختصر عرصے میں قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا۔ نو عمر ضیغم کے تکمیل حفظ قرآن کے حوالے سے مدرسہ کے منتظم و روح رواں قاری عبدالمنان کے حوالے سے ستائش کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ضیغم کا مختصر مدت میں حفظ قرآن مدرسہ کی تاریخ کے چند مثالی واقعات میں شمار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ضیغم کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے نو عمر ضیغم کی دین و دنیا میں کامیابی، تمام نعمتوں کے حصول کی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ ضیغم دین کی خدمت و اشاعت کا اہم فریضہ ادا کرے گا۔ ضیغم شاہد کے تکمیل قرآن پر ادارہ پاکستان نیوز شکاگو ضیغم شاہد پرویز و اہل خاندان کو بہ صمیم قلب مبارکباد پیش کرتا ہے اور ضیغم کے بہتر مستقبل، صحت و مسرتوں نیز طویل عمر کیلئے دعا گو ہے۔