اکنا ریلیف کی امدادی سرگرمیاں ” اکنا ریلیف“ کی جانب سے سخت ترین لاک ڈاﺅن میں بھی مستحقین کےلئے مفت راشن کی تقسیم

0
476

 

اکنا ریلیف کی جانب سے برونکس میں چھ مختلف مقامات پر 2000سے زائد خاندانوں میں ایک ہفتے کے راشن کے باکس مفت فراہم کیے گئے جس میں میئر نیویارک بلازیو کا خصوصی تعاون بھی شامل تھا
اکنا کے پلیٹ فارم پرمفت راشن کی تقسیم کے دوران رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر صرف انسانیت کو پیش خدمت رکھتے ہوئے کار خیر انجام دیا جاتا ہے: ارشد جمال صدر اکنا ریلیف نیویارک
کمیونٹی کی معروف شخصیات نعیم بٹ اور عدیل گوندل نے اکنا ریلیف کی جانب سے کئی ضرورت مند پاکستانی فیملیوں کی نقد امداد کی ،برانکس کمیونٹی کونسل کے راجہ ساجد ، عامر رزاق، ملک خالد اعوان اور سسٹر نور نے اکنا ریلیف کے امدادی پروگرام میں اہم کردار ادا کیا:شبیرگل

نیویارک (خصوصی رپورٹ )امریکہ میں مسلمانوں کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم اکنا ریلیف کی جانب سے کورونا وائرس کے دوران سخت ترین لاک ڈاﺅن میں بھی مستحقین کے لیے مفت راشن کی تقسم کا سلسلہ جاری و ساری ہے ، اکنا ریلیف کی جانب سے برونکس میں چھ مختلف مقامات پر 2000سے زائد خاندانوں میں ایک ہفتے کے راشن کے باکس مفت فراہم کیے گئے جس میں میئر نیویارک بلازیو کا خصوصی تعاون بھی شامل تھا ، اکنا ریلیف نہ صرف اپنے مخصوص سینٹرز میں مستحقین کے درمیان مفت راشن تقسیم کرتی ہے بلکہ ایسے افراد جوکہ ان کے سینٹرز تک نہیں پہنچ سکتے ہیں کو گھروں میں راشن پہنچایا جا تا ہے ،مفت راشن کی تقسیم کے دوران رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر صرف انسانیت کو پیش خدمت رکھتے ہوئے کار خیر انجام دیا جاتا ہے ، اکنا کے پلیٹ فارم پر آنے والے ہر مستحق فرد کو راشن دیا جاتا ہے چاہے اس کا تعلق کسی بھی قومیت ، مذہب اور نسل سے ہو ، اکنا ریلیف نیویارک کے صدر ارشد جمال نے پاکستان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا سے قبل بھی اکنا ریلیف پوری ایمانداری اور جانفشانی کے ساتھ مستحقین میں مفت راشن کی تقسیم کو انجام دے رہی تھی جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ، انھوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں نیویارک کے میئر کی جانب سے مسلم ضرورت مندوں کے لیے حلال کھانے کے 2ہزار راشن باکس بھیجے گئے ہیں جن کو ہم اپنی معمول کی کارروائی کے تحت تقسیم کر رہے ہیں ، انھوں نے بتایا کہ رنگ و نسل ، مذہب اور قومیت سے بالا تر ہو کر جوبھی شخص ہمارے پاس راشن لینے کے لیے آتا ہے ہم اس کو خالی ہاتھ جانے نہیں دیتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ ایسے مستحق افراد جوکہ ہمارے سینٹرز پر نہیں پہنچ سکتے وہ ہمارے ای میل ایڈریس پر اپنا نام اور پتہ ارسال کریں ، ہماری ٹیم ان کے گھر راشن کی فراہمی کو یقینی بنائے گی ، ارشد جمال کا کہنا تھاکہ وہ رضا کاروں کو کوئی تنخواہ نہیں دیتے ہیں بلکہ وہ اپنی مرضی سے انسانیت کی خدمت کیلئے حاضر ہوتے ہیں اور میں ان کے جذبہ خیر سگالی کی تہہ دل سے قدر کرتا ہوں ، کورونا وائرس کی وجہ سے راشن کی تقسیم کے دوران مستحقین کی فاصلوں پر محیط لائنز بنائی گئیں تاکہ وائرس کے پھیلاﺅ کے خدشے کو بھی مد نظر رکھا جائے ، ارشد جمال نے کار خیر کی بھرپور کوریج پر پاکستان نیوز کی کاوش کو بھرپور سراہا ۔ اس موقع پر اکنا ریلیف برونکس کے ڈائریکٹر شبیر گل نے میئر ڈی بلازیو کی جانب سے بھیجا گیا امدادی سامان وصول کیا اور پھر اس کو مرحلہ وار ضرورت مند افراد میں تقسیم کیا ۔برادر شبیر گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کار خیر کواپنی اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے انجام دیتے ہیں ،دکھی ، ضرورت مند افراد کی مدد سے بڑھ کر دنیا میں اور اچھا کام کوئی نہیں ہو سکتا ہے ۔ کمیونٹی کی معروف شخصیات نعیم بٹ اور عدیل گوندل نے اکنا ریلیف کی جانب سے کئی ضرورت مند پاکستانی فیملیوں کی نقد امداد کی ۔ برانکس کمیونٹی کونسل نے اکنا ریلیف کوکورونا وائرس کے مشکل حالات میں ہر سطح پر بھر پور مدد فراہم کی ۔ برانکس کمیونٹی کونسل کے نعیم بٹ ،عدیل گوندل ، راجہ ساجد ، عامر رزاق، ملک خالد اعوان اور سسٹر نور نے اکنا ریلیف کے امدادی پروگرام میں اہم کردار ادا کیا۔شبیر نے گل نے اکنا ریلیف کی امدادی سرگرمیوں کی بھرپور کوریج پر پاکستان نیوز کی کاوش کو سراہا ۔ البانیہ سے تعلق رکھنے والے رضا کار علی نے بتایا کہ وہ بطور مسلم انسانیت اور کمیونٹی کی مدد کے لیے ہر ہفتے اکنا ریلیف سینٹر کا دورہ کرتا ہے اور فلاحی سرگرمیوںمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے ، پاکستان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب بھی اکنا ریلیف امدادی سرگرمیوں کا انعقاد کرتا ہے، وہ اس میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرتا ہے ،دُکھی انسانیت کی خدمت ان کی زندگی کا بہت بڑا مقصد ہے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here