واشنگٹن ڈی سی(پاکستان نیوز)نئے سروے نے ملکی معیشت کو ابتری کی طرف گامزن قرار دے دیا ہے ، بڑھتی ہوئی افراط زر اور بڑھتی ہوئی شرح سود نے ملکی معیشت کو متاثر کیا ہے، آل سٹیٹ انشورنس آفس کی جانب سے کیے گئے سروے میں تقریباً 70 فیصد امریکیوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ امریکی معیشت بدتر ہو رہی ہے۔ پول کے دوران 12 فیصد نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے،سروے میں شامل اٹھارہ فیصد کا خیال ہے کہ امریکی معیشت جوں کی توں رہی ہے۔دریں اثناء چونتیس فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ صدر بائیڈن کے گیس کی قیمتوں سے نمٹنے کی منظوری دیتے ہیں، یہ جون میں شائع ہونے والے اسی طرح کے سروے سے 7 پوائنٹس زیادہ ہے۔انتالیس فیصد جواب دہندگان نے یہ بھی کہا کہ وہ ایسے امیدوار کی حمایت کریں گے جو اسقاط حمل کو قانونی رکھنے کی حمایت کرتا ہے، جبکہ 27 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ ایسے امیدوار کی حمایت کریں گے جو اسقاط حمل تک رسائی کو محدود کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ سروے میں شامل بائیس فیصد نے کہا کہ وہ اسقاط حمل پر اپنے پسندیدہ امیدوار کے موقف کی پرواہ نہیں کرتے اور 75 فیصد ریپبلکن جواب دہندگان نے کہا کہ وہ وسط مدتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے بارے میں بہت پرجوش ہیں جبکہ 68 فیصد ڈیموکریٹس نے اتفاق کیا جیسا کہ 49 فیصد آزاد امیدواروں نے کیا۔