فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 نوجوان شہید

0
120

غزہ:

قابض اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے 2 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق قابض اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کی پٹی پر پُر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو فلسطینی نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی عمریں 14 اور 17 سال ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان فوجی اہلکاروں پر آتش گیر اور بارودی مواد پھینک رہے تھے اور ایک موقع پر سرحد عبور کرنے کی بھی کوشش کی جس کی وجہ سے اہلکاروں نے اپنے دفاع اور مشتعل مظاہرین کو قابو میں رکھنے کے لیے فائرنگ کی تھی۔

 

نماز جمعہ کے بعد ہزاروں مظاہرین غزہ کی سرحد پر نصب باڑ کے قریب جمع ہوئے تھے اور قابض اسرائیلی فوج کے خلاف نعرے بازی کی، سرحدی دیوار میں محصور مظاہرین اپنے گھروں کو واپسی کے لیے احتجاج کررہے تھے۔ اس موقع پر نہتے مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کا جواب پتھراؤ کرکے دیا اور فلسطینی پرچم لہرائے۔

واضح رہے کہ نہتے فلسطینی شہری گزشتہ برس مارچ سے یوم الارض کے موقع پر اپنے گھروں کو واپسی کی مہم کے تحت ہر جمعے کو پر امن احتجاجی مظاہرہ کرتے ہیں اور اس سلسلے میں 62 مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کی جارحیت میں500 سے زائد فلسطینی شہید اور 2 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here