سماجی کارکنفلسطینی نژاد نردین کسوانی کیخلاف بم دھماکہ سازش ناکام، ملزم گرفتار

0
6

نیویارک (پاکستان نیوز)نیو جرسی کے ایک رہائشی کو نیویارک کی معروف فلسطینی نڑاد امریکی کارکن نردین کسوانی کے گھر پر بم حملے کی مبینہ سازش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی کے مطابق گرفتار ہونے والا 26 سالہ ایلکسینڈر ہیفلر مبینہ طور پر انتہا پسند صیہونی تنظیم جیوش ڈیفنس لیگ سے وابستہ ہے۔ وفاقی عدالت میں جمع کرائی گئی شکایت کے مطابق ہوبوکن سے تعلق رکھنے والے اس ملزم کو نیویارک پولیس کے ایک خفیہ آپریشن کے بعد حراست میں لیا گیا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے نردین کسوانی کی رہائش گاہ پر درجن بھر پٹرول بم پھینکنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور اس حوالے سے اس نے ایک ویڈیو کال کے دوران ایک انڈر کور ایجنٹ سے بھی بات چیت کی تھی۔ گرفتاری کے وقت ملزم کے گھر سے آٹھ تیار پٹرول بم برآمد ہوئے ہیں اور اس پر غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور تباہ کن آلات بنانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ میئر زہران ممدانی نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ ملزم اس کارروائی کے بعد اسرائیل فرار ہونے کا ارادہ رکھتا تھا۔ انہوں نے اسے سیاسی تشدد اور قتل کی ایک لرزہ خیز کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کے خلاف ایسی شدت پسندی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب نردین کسوانی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ انہیں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے مطلع کیا تھا کہ ان کی جان لینے کی ایک سازش تیار کی گئی ہے جو کسی بھی وقت عمل میں لائی جا سکتی تھی۔ نردین کسوانی طویل عرصے سے اسرائیل نواز گروپوں کے نشانے پر رہی ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ایک شدت پسند گروپ کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس پر ان کے خلاف اشتہارات دینے اور ہراساں کرنے کا الزام تھا۔ مین ہٹن کے عہدیداروں اور مختلف سماجی تنظیموں نے پولیس کی بروقت کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظریاتی اختلافات کے باوجود کسی کی جان لینے یا سیاسی تشدد کی شہر میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here