نیویارک (پاکستان نیوز)گورنری کے ریپبلکن امیدوار اور ناساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹو بروس بلیک مین کے مالیاتی گوشواروں سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ ان کی سرمایہ کاری میں اسرائیلی بانڈز اور عالمی توانائی کمپنی ایکسن موبل کے حصص شامل ہیں۔ سال 2025 کے ٹیکس گوشواروں کے مطابق بلیک مین اور ان کی اہلیہ سیگل کی مجموعی آمدنی 673,476 ڈالر رہی جس کا بڑا حصہ ان کی سرکاری تنخواہوں پر مشتمل ہے۔ بروس بلیک مین نے اپنی منتخب نشست سے تقریباً 236,000 ڈالر جبکہ ان کی اہلیہ نے بطور فیملی کورٹ جج 198,000 ڈالر کمائے۔ جوڑے نے مختلف حصص کی فروخت سے 100,000 ڈالر سے زائد کا منافع بھی ظاہر کیا ہے تاہم ان کی مہم کے عملے نے فروخت کی گئی سیکیورٹیز کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ دیگر انکشافات کے مطابق امیدوار جنرل الیکٹرک، ٹی ڈی بینک، کیٹرپلر اور بوئنگ جیسی بڑی کمپنیوں میں بھی شراکت دار ہیں۔ بروس بلیک مین کو اسرائیلی بانڈز سے 3,784 ڈالر سود اور ایکسن موبل سے 3,400 ڈالر کا منافع ملا۔ توانائی کے حوالے سے وہ ہائیڈروفریکنگ کے حامی اور لانگ آئی لینڈ کے ساحلوں پر ونڈ پاور منصوبوں کے مخالف رہے ہیں۔ دوسری جانب ان کی حریف ڈیموکریٹک امیدوار کیتھی ہوکل اور ان کے شوہر کی آمدنی گزشتہ برس 1.86 ملین ڈالر رہی۔ ٹیکس گوشواروں کے مطابق ہوکل اب نیویارک شہر کی رہائشی بن چکی ہیں۔ بلیک مین نے خیراتی عطیات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں اور کہا کہ وہ ان دنوں اپنے پوتوں پوتیوں کی دیکھ بھال پر توجہ دے رہے ہیں۔ نیویارک میں اگرچہ ٹیکس گوشوارے ظاہر کرنا قانونی طور پر لازمی نہیں ہے لیکن کئی دہائیوں سے امیدوار اسے شفافیت کی روایت کے طور پر پریس کے سامنے پیش کرتے آئے ہیں۔









