نیویارک (پاکستان نیوز)ہالی ووڈ کے مایہ ناز ہدایت کار اور اداکار شان پین نے 6 جنوری 2021 کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں کیپیٹل ہل پر ہونے والے حملے کے پس منظر میں ایک نئی فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وارنر برادرز کے بینر تلے بننے والی یہ فلم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے ایک بڑا سیاسی ڈراؤنا خواب ثابت ہو سکتی ہے۔ شان پین خود اس فلم کے مصنف اور ہدایت کار ہیں جبکہ آسکر نامزدگی حاصل کرنے والے نامور اداکار بریڈلی کوپر اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ یہ فلم کیپیٹل ہل حملے کے دوران ڈیوٹی پر مامور ایک پولیس افسر مائیکل فینون کی سچی کہانی یا ان کے تجربات سے متاثر ہو کر تیار کی جا رہی ہے۔ مائیکل فینون ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی رہ چکے تھے لیکن اس واقعے کے بعد وہ ان کے بڑے نقاد بن گئے۔ حملے کے دوران ٹرمپ کے حامیوں نے ان پر وحشیانہ تشدد کیا تھا جس کے نتیجے میں وہ دماغی چوٹ، دل کے دورے اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے تھے۔ بعد میں امریکی صدر جو بائیڈن نے انہیں صدارتی میڈل سے بھی نوازا تھا۔فلم کی کہانی بنیادی طور پر غیر متوقع دوستی اور اس پولیس افسر کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جو اس تاریخی ہنگامہ آرائی کے دوران حالات کے تھپیڑوں میں پھنس جاتا ہے۔ شان پین سیاست پر کھل کر بات کرنے کے لیے مشہور ہیں اور وہ 2022 میں اس حملے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی عوامی سماعت میں بھی شریک ہوئے تھے جہاں وہ مائیکل فینون کے بالکل پیچھے بیٹھے نظر آئے۔ فلم کی عکس بندی 2027 کے وسط میں شروع ہونے کی توقع ہے۔










