واشنگٹن (پاکستان نیوز)محکمہ خارجہ نے سیاحت اور کاروبار کی غرض سے امریکہ آنے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک نئی اور تیز رفتار پریمیئم سروس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس پائلٹ پروگرام کے تحت اب درخواست گزار اضافی فیس ادا کر کے محض 10 دنوں کے اندر ویزا انٹرویو کی تاریخ حاصل کر سکیں گے۔ یہ خصوصی سروس یکم جولائی سے 31 دسمبر تک جاری رہے گی اور اس کا اطلاق صرف بی 1 کاروباری اور بی 2 سیاحتی ویزا کی درخواستوں پر ہوگا۔ اس نئی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اب درخواست گزاروں کو معمول کی 185 ڈالر ویزا فیس کے علاوہ 750 ڈالر کی اضافی رقم ادا کرنا ہوگی جس کے بعد مجموعی فیس 935 ڈالر ہو جائے گی۔ امریکی حکام نے اس بات کی سختی سے وضاحت کی ہے کہ یہ اضافی ادائیگی صرف انٹرویو کا وقت جلدی حاصل کرنے کے لیے ہے اور اس سے ویزا کی منظوری کے امکانات یا فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اس پروگرام کا آغاز مستقبل کے بڑے عالمی مقابلوں جیسے کہ 2026 کے فٹ بال ورلڈ کپ اور 2028 کے اولمپکس کے پیش نظر کیا گیا ہے کیونکہ ان ایام میں امریکہ آنے والے مسافروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کی توقع ہے۔ اندازے کے مطابق سالانہ 25000 سے زائد افراد اس سروس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ محکمہ خارجہ کے مطابق یہ نئی پریمیئم سروس صرف انٹرویو کے انتظار کا وقت کم کرے گی جبکہ سیکیورٹی کی جانچ، پس منظر کی چھان بین، ویزا کی اہلیت کا معیار اور دیگر تمام انتظامی کارروائیاں پہلے کی طرح معمول کے مطابق ہی انجام دی جائیں گی۔











