نیویارک (پاکستان نیوز)مشہور جریدے فوربز نے ملک کی ترقی اور معاشی خوشحالی میں تارکین وطن کے نمایاں کردار کو سراہنے کے لیے 250 کامیاب ترین افراد کی ایک خصوصی درجہ بندی جاری کی ہے جس میں 5 پاکستانیوں نے اپنی محنت اور کامیابی کے بلبوتے پر جگہ بنائی ہے۔ اس فہرست میں شامل پاکستانی نڑاد شخصیات نے ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور کاروبار کے شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دے کر امریکی خواب کو سچ کر دکھایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان نمایاں ناموں میں سب سے آگے ارب پتی بزنس مین شاہد خان ہیں جنہوں نے آٹو پارٹس کی صنعت میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد کھیلوں کی دنیا میں بھی نام کمایا اور امریکی فٹ بال ٹیم جیکسن ول جیگوارز کے مالک بنے۔ ان کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے سے ابھرتے ہوئے 44 سالہ قیصر یونس 83 ویں نمبر پر موجود ہیں جنہوں نے خودکار گاڑیوں کے سافٹ ویئر کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس فہرست میں خوردنی تحائف کی صنعت میں انقلاب برپا کرنے والے ایڈبل ارینجمنٹس کے بانی طارق فرید 220 ویں نمبر پر اور کمپیوٹر کی صنعت کے بانیوں میں شمار ہونے والے صفی قریشی 222 ویں نمبر پر شامل ہیں۔ فہرست کو مکمل کرنے والے مامون حامد 237 ویں نمبر پر ہیں جو سلیکون ویلی کی مشہور سرمایہ کار کمپنی کلینر پرکنز کے مینیجنگ پارٹنر ہیں اور انہوں نے سلیک اور فگما جیسے عالمی شہرت یافتہ اداروں کی کامیابی میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔ یہ اعزاز نہ صرف ان شخصیات کی انفرادی کامیابی کا ثبوت ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستانیوں کی قابلیت کا اعتراف بھی ہے۔













