امریکہ میں ایک نام جس کے نام کیساتھ ہی ذہن میں ایک سوال اُبھرتا ہے کہ یہ شخص کون ہے جو ہر وقت اخباروں، سوشل میڈیا، پاکستانی میڈیا جہاں بھی کوئی سماجی کام ہو کسی بڑی شخصیت سے ملاقات ہو ہر طرف ایک ہی نام گردش کرتا ہوا نظر آتا ہے اور وہ ہے ہیوسٹن کی شان اور پاکستانیوں کی شناخت سعید شیخ جس کا نام آتے ہی کامیابیوں کی ضمانت پکی ہو جاتی ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ اس شخص نے اپنے آپ کو اسی کام کیلئے مختص کیا ہوا ہے، آپ کی کتنی بھی مخالفت ہو لیکن پوری کمیونٹی اس بات پر متفق ہے کہ سعید شیخ کی پروگرام کرنے کی صلاحیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ سعید شیخ کو اپنی شہرت کا بہت شوق ہے، یقیناً جب انسان اتنی محنت سے اپنا مقام بناتا ہے تو اس کی اشاعت بھی چاہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہیوسٹن کی بڑی بڑی شخصیات بھی چاہتی ہیں کہ سعید شیخ ان کیساتھ کام کرے، جاوید انور ایک ایسا نام ہے جو سعید شیخ پر اندھا اعتماد کرتے ہیں اور وہ کوئی اور وجہ نہیں اس میں سعید شیخ کی محنت اور ایمانداری کا بڑا دخل ہے۔ سعید شیخ کئی دہائیوں سے ہیوسٹن میں سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی پروگرام کے ذریعے دونوں شہروں کے درمیان ثقافتی، تعلیمی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ انہوں نے متعدد دفاعی منصوبوں کی سرپرستی کی ہے۔ قدرتی آفات، طبی امداد، تعلیمی وظائف اور غریب خاندانوں کی مدد جیسے شعبوں میں بھی ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے اس وجہ سے پاکستان ہی نہیں بلکہ امریکہ میں بھی ان کی خدمات پر صدر امریکہ نے بھی ان کو ایوارڈ سے نوازا ہے جو بہت بڑا اعزاز ہے اور انکو ان کی خدمات پر پاکستان کی گورنمنٹ نے بھی ان کو ستارۂ خدمت سے نوازا ہے جب بھی پاکستان میں کوئی قدرتی آفت آتی ہے تو سعید شیخ ہیوسٹن کی تمام سماجی جماعتوں کیساتھ مل کر پاکستان کیلئے فوری طور پر نئے کپڑوں، ادویات، فوڈ اور دوسری اشیاء فوری طور پر کنٹینروں کے ذریعے روانہ کر دیتے ہیں جس کے پیچھے یقیناً سب سے بڑا ہاتھ آئل ٹائیکون جاوید انور کا بہت بڑا ہاتھ ہے اس لیے سعید شیخ کو آگے لانے میں جو ہاتھ جاوید انور کا ہے اس کی نفی نہیں کی جا سکتی ہے اور وہ بھی سعید شیخ کی صلاحیتوں کے بے حد معترف ہیں۔ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ان کو ستارۂ خدمت سے نوازا ان کی خدمات کے اعتراف میں اس سے پہلے ہیوسٹن کے کئی لوگوں کو ان اعزازات سے نوازا گیاہے جس میں سب سے پہلے حشمت آفندی، جاوید انور، تنویر احمد، طاہر جاوید اور سعید شیخ کو نوازا گیا اس سلسلے میں ایک خوبصورت تقریب مقامی ہوٹل ہلٹن پوسٹ اوک میں منائی گئی۔ جس میں پاکستانی اور امریکی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ہیوسٹن کے میئر جان وٹمائر تھے جنہوں نے سعید شیخ کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ معروف کاروباری شخصیت آئل ٹائیکون جاوید انور علالت کے باوجود تشریف لائے اور قومی اعزاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات پاکستان کیلئے باعث فخر ہیں۔ پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چودھری نے بھی شرکت کی پاکستان کے سابق فاسٹ بائولر سکند ربخت بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے ایسا لگ رہا تھا کہ لوگوں کا ہجوم تھا اور وہ سعید شیخ کیساتھ تصویریں اُتروانے کیلئے بے چین تھا۔ سعید شیخ دولہا بنے ہوئے تھے اور لوگ تصویریں اُتروا رہے تھے ہال کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور برف کی سلیوں پر ستارۂ خدمت خوبصورتی سے بنایا گیا تھا۔ پورا ہال لوگوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور سونے پہ سہاگہ ٹیمپورا ریسٹورنٹ کے عمدہ کھانوں نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ سعید شیخ نے اس ایوارڈ کو اپنی ذات کے بجائے انسانیت کی خدمت کرنے والے تمام رضا کاروں اور ساتھیوں کے نام منسوب کیا اور کہا کہ ان کا مقصد ہمیشہ ضرورت مند، غریب اور بے سہارا افراد کی مدد کرنا ہے۔ صحت اور فلاحی منصوبوں کو فروغ دینا اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے اس طرح یہ یادگار اور ہیوسٹن کی تاریخ کی بہترین تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
٭٭٭













