نیویارک (پاکستان نیوز)بروکلین میں واقع چباد لباوچ کے عالمی مرکز سے گاڑی ٹکرانے کے جرم میں 36 سالہ دان سہیل کو چھ ماہ اور ایک ہفتے قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ وفاقی جج ایرک ویٹلیانو نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو 20,000 ڈالر تاوان ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ یہ واقعہ 28 جنوری کو پیش آیا تھا جب نیو جرسی کے رہائشی دان سہیل نے اپنی کار عمارت کے دروازے سے پانچ بار ٹکرائی جس سے عمارت اور گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ گاڑی ٹکرانے سے قبل ملزم نے شہریوں کو پرے ہٹنے کا اشارہ کیا تھا جس کی وجہ سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ عدالتی کارروائی کے دوران وفاقی استغاثہ نے ملزم کو مزید آٹھ ماہ قید میں رکھنے کی درخواست کی تھی تاکہ نفرت انگیز کارروائیوں کے خلاف سخت پیغام دیا جا سکے۔ تاہم جج نے اس استدعا کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملزم پر مذہبی املاک کو نقصان پہنچانے کا جرم ثابت ہوا ہے اور اس اقدام کے پیچھے اس کی ذہنی صحت کے مسائل اہم وجہ تھے۔ دفاعی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دان سہیل بچپن کے صدمات اور شدید افسردگی کا سامنا کر رہا تھا اور وہ اس مرکز کے ذریعے سکون اور تعلق تلاش کر رہا تھا۔ وکیل نے اس واقعے کو ایک جذباتی اور غیر عقلی پکار قرار دیا۔ ملزم پہلے ہی چھ ماہ جیل میں گزار چکا ہے جس کے بعد اس کی جلد رہائی متوقع ہے۔





