واشنگٹن (پاکستان نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے میں اہم سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئیں، فیلڈ مارشل کے دورے کے نتائج جلد ہی سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ صدارتی دفتر کے ترجمان سید مہدی طباطبائی نے کہا عاصم منیر کا دورہ انتہائی نتیجہ خیز اور سود مند رہا۔ ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے کہا اعلیٰ ایرانی عہدے داروں سے پاکستانی حکام کی ملاقاتیں انتہائی خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ فیلڈ مارشل کی صدرِ ایران کے ساتھ اہم اور تعمیری ملاقات ہوئی۔ ایرانی صدر نے اپنی حکومت کا مؤقف اور تحفظات واضح انداز میں سامنے رکھے، جس پر دونوں اطراف سے مثبت مکالمہ ہوا۔ ملاقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پیش رفت خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے معاون ثابت ہوگی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہرمز سے متعلق ایران کا مؤقف اور شرائط پاکستانی ثالثوں کے ذریعے امریکہ تک واضح طور پر پہنچا دی گئیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے مکمل پاک کر دیا گیا ہے اور امریکی فوج کی سپیس فورس پوری آبنائے ہرمز کی نگرانی کر رہی ہے۔ امریکی بحریہ نے مجھے بتایا کہ ہرمز کے بین الاقوامی پانیوں میں موجود تمام بارودی سرنگیں یا تو ہٹا دی گئی ہیں یا انھیں دھماکے سے تباہ کر دیا گیا ہے۔ ایران کو آگاہ کر دیا تھا کہ بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کرنے والے کسی بھی بحری جہاز کو فوری اور منظم طریقے سے تباہ کر دیا جائے گا، اور اگر ایران نے اس حکم کی خلاف ورزی کی تو اس کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو کوہ کلنگ’ اور تین دیگر جوہری تنصیبات کے ساتھ کیا گیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا ایران اپنی فوج کے بڑے حصے کو تنخواہوں کی ادائیگی میں ناکام ہو رہا ہے اور یہ انتہائی سنگین انسانی بحران ہے۔ ٹرمپ نے ایران پر ایسے مظاہرین کو ہلاک کرنے کا الزام بھی لگایا جو احتجاج نہیں کر رہے، یہ سب کچھ اب رْکنا چاہئے۔ امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ایران کے خلاف حملے بند نہیں کئے ، ضرورت پڑی تو مسلح کارروائیاں کی جائیں گی، ہرمز پر مکمل امریکی کنٹرول اور تیل کی ترسیل جاری ہے۔ امریکی معاشی پابندیاں مؤثر ہیں، اس وقت معاشی دباؤ ایران کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا رہا ہے، ایران کے پاس واحد راستہ یہ ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر آئے۔ امریکی اخبار کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امریکی سفارتخانوں میں عملے کی واپسی کی تیاریاں جاری ہیں اور فارن سروس افسران سمیت سفارتی مشنزپر واپسی رواں ہفتے ہوسکتی ہے۔ امریکہ نے ایران جنگ کے باعث سفارتخانوں کو خالی کرایا تھا۔ ایران چائنا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ماجد رضا ہریری نے کہا اقتصادی جنگ امریکہ نے چھیڑی ہے، اب دنیا بھر میں امریکہ اور اسکے اتحادیوں کے اقتصادی مفادات ایران کیلئے فوجی اہداف ہوں گے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے ایران کیخلاف نئی امریکی اقتصادی پابندیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے ضروری اقدامات کا اعلان کردیا، ترجمان نے کہا کہ ایران کے ساتھ چین کا تعاون ہمیشہ بین الاقوامی قانون کے دائرہ کار میں ہوتا ہے، اسے روکا یا متاثر نہیں کیا جانا چاہئے، چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کریگا۔ امریکہ خودمختار ریاستوں کے اپنے شراکت داروں کے آزادانہ انتخاب میں مداخلت اور سیاسی جوڑ توڑ بند کرے۔ قطر نے بھی ایران پر امریکی پابندیوں کو یکطرفہ قرار دیدیا، ترجمان قطری وزارت خارجہ نے کہا قطر مسئلے کے حل کیلئے ثالثی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ ایرانی وزیر اقتصادی امور و خزانہ نے کہا اقتصادی پابندیاں کوئی نئی بات نہیں، جنگ نہیں چاہتے لیکن اقتصادی حملے کا مقابلہ کریں گے، ایسی پابندیوں سے نمٹنے کی پہلے ہی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ نے کہا امریکہ کا جھوٹا صدر ایک بار پھر اپنی فوجی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور امریکی عوام اور عالمی رائے عامہ کی نظر میں اپنی ساکھ بحال کرنے کیلئے جھوٹی خبریں گھڑنے اور گندے میڈیا کھیل کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ٹرمپ نے قالیباف کے ریمارکس کو غلط انداز میں پیش کرکے اسے ایران کی فوجی شکست کے اعتراف کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی۔ عمان کے ساحل کے قریب آئل ٹینکر پر میزائل حملہ ہوا جس کے بعد جہاز ناکارہ ہوگیا۔ جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا البتہ عملہ محفوظ رہا۔





