لاہور (پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ میری آواز کو کیوں بند کیا جار ہا ہے ، مجھے نہ موت سے ڈرلگتا ہے اور نہ ہی قید سے ڈر لگتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک ویڈیو خطاب میں کہا ہے کہ ان کی آواز بند کرنے کی کوشش جا رہی ہے اور ان کو جیل جانے سے کوئی ڈر نہیں۔بدھ کو ویڈیو خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘جیل سے نہیں ڈرنا چاہیے، یہ کتنوں کو جیل میں ڈالیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی جدوجہد پاکستانی عوام کے لیے ہے۔پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق عمران خان نے سوال کیا کہ انہوں نے کیا جرم کیا تھا؟ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ آزاد انسان ہیں، کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے اور آخری گیند اور آخری سانس تک لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ کس بنیاد پر الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کو پنجاب کا نگراں وزیراعلٰی بنایا۔کیا الیکشن کمیشن کو نہیں پتا کہ آپ کی ذمہ داری صاف اور شفاف الیکشن کروانا ہوتا ہے۔ آپ نے کس بنیاد پر محسن نقوی کو وزیراعلٰی بنایا اور باقی افراد کو کیوں مسترد کیا؟ ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی ان چند لوگوں میں سے تھے جنہوں نے ان کی حکومت گرائی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے آتے ساتھ ہی اپنا کام شروع کر دیا۔انہوں نے سوال کیا کہ محسن نقوی نے جو تعیناتیاں کیں کیا وہ صاف و شفاف الیکشن کے لیے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ قوم کی عدلیہ سے توقع ہے کہ ان کے حقوق کا تحفظ کرے۔