نیویارک (پاکستان نیوز)ٹرمپ نے نیویارک کے تاریخی گریسی مینشن میں میئر زہران ممدانی سے اہم اور تفصیلی ملاقات کی ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے سلسلے میں نیویارک پہنچنے پر ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان شہر میں عوام کے لیے مناسب قیمتوں پر رہائش گاہوں کی فراہمی، تارکین وطن کی حفاظت اور ذرائع ابلاغ کی آزادی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان کوئنز کے سنء سائیڈ یارڈ منصوبے پر خصوصی گفتگو ہوئی، جس کے تحت 12000 سستے مکانات تعمیر کرنے اور 30000 روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اس تعمیراتی منصوبے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے وفاقی اور بلدیاتی ٹیموں کے درمیان تکنیکی سطح پر بات چیت آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ نیویارک کے میئر نے ہیٹی سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کو دی گئی عارضی تحفظ کی حیثیت اور ان کی فلاح و بہبود کے معاملے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کی آزادی پر بات کرتے ہوئے زہران ممدانی نے واضح کیا کہ صحافیوں کی بلا تفریق موجودگی جمہوریت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ سیاسی نظریات میں واضح اختلافات کے باوجود دونوں رہنماؤں نے اس گفتگو کو نیویارک کے شہریوں کے مفاد کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔












