میچ بارش کی نذر ہونے پر شائقین کرکٹ افسردہ

0
131

کراچی:

10 برس سے انٹرنیشنل کرکٹ کا انتظار کرنے والے شائقین کرکٹ نے پاک سری لنکا میچ بارش کی نذر ہونے پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔

شدید بارش کے باوجود نیشنل اسٹیڈیم پہنچنے والے کرکٹ کے متوالوں کا کہنا تھا کہ ہم پُرامید تھے کہ شاید مختصرمیچ ہی دیکھنے کا موقع مل جائے لیکن ایسا نہ ہوسکا، قدرت کے معاملات میں کوئی دخل نہیں دے سکتا، اگلے دونوں میچز سے لطف اندوز ہونے کا موقع نہیں گنوائیں گے۔

میچ کے لیے کراچی میں مقیم سری لنکا کی متعدد خواتین نیشنل اسٹیڈیم پہنچیں جبکہ کرکٹ سے شغف رکھنے والے ایک سری لنکن شہری نے بھی پاکستان کا رخ کیا۔چاچا کرکٹ تماشائیوں کی توجہ کا مرکز رہے اور مداحوں کے ساتھ سیلفیاں بنواتے رہے، انھوں نے کہاکہ تماشائی جوش و خروش کے ساتھ اسٹیڈیم آئے لیکن میچ نہ ہونے پر ان کومایوسی ہوئی، امید ہے کہ اگلے دونوں میچز میں ایک جذبے کے ساتھ اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔

 

دوسری جانب کرکٹ کی ایک مداح خاتون نے مقابلہ ختم کیے جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ہم جاکر ٹیلی ویژن پر وزیر اعظم عمران خان کا خطاب دیکھیں گے، انھوں نے کہاکہ نیشنل اسٹیڈیم کی حالت پہلے سے بہت ٹھیک ہوگئی لیکن بہتری کی ضرورت ہے، نکاسی آب کے لیے پرانی طرز پر کام کی جگہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام ہونا چاہیے۔

میچ میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے، سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف اور سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو جامہ تلاشی کے بعد اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ملی،میچ منسوخ ہونے پر دونوں ٹیموں کی اسٹیڈیم سے ہوٹل واپس روانگی کے موقع پر ایک ہیلی کاپٹر فضا میں چکرلگا کر صورتحال کا جائزہ لیتا رہا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here