لاہور،اسلام آباد ،لندن، نئی دہلی(پاکستان نیوز )ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد6952 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران640 نئے کیس سامنے آگئے جبکہ ایک مریض چل بسا۔ متاثرین 305671 جبکہ اموات6416 ہوگئیں۔ 292303 مریض صحتیاب ہوچکے۔ملک بھر میں 837 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔پنجاب میں کورونا کے 96 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، مجموعی تعداد 98368 ہو گئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکے مطابق لاہور30،گوجرانوالہ راولپنڈی15،15، بہاولپور 6 ، سیالکوٹ5،فیصل آبا د7، ملتان3،ٹوبہ، چنیوٹ 2،2،سرگودھا،اوکاڑہ ،ساہیوال ، رحیمیار خان، ڈیرہ غازی خان،ننکانہ،اٹک،خانیوال،شیخوپورہ، جھنگ اور خوشاب میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا جبکہ مزید کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ ابتک1139723 ٹیسٹ کیے جا چکے۔ صحتیاب ہونیوالوں کی تعداد 94773ہو چکی۔ڈیرہ اسماعیل خان میں کورونا کیسز سامنے آنے پرڈگری کالج سمیت 8تعلیمی ادارے سیل کردیئے گئے۔ادھردنیا بھر میں کورونا متاثرین 3کروڑ ساڑھے 11لاکھ جبکہ ہلاکتیں 9 لاکھ 64ہزار ہو گئیں۔امریکہ میں کورونا کیس 70لاکھ جبکہ بھارت میں55 لاکھ کے قریب پہنچ گئے۔بالی ووڈ کی معروف فنکارہ ملائکہ اروڑا نے کورونا وائرس کو شکست دیدی۔متحدہ عرب امارات نے بڑے خاندانی اجتماعات پر پابندی لگادی اور اب صرف دس افراد کو شادیوں یا جنازوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔ برطانیہ میں کورونا کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر نئے قوانین متعارف کرا دیئے گئے ، گھر میں قرنطینہ نہ کرنے والے متاثرین کو10ہزار پائونڈ تک جرمانہ ہوگا۔ کم تنخواہ والوں کو500 پائونڈملیں گے تاکہ وہ گھر میں الگ تھلگ رہ سکیں۔ لندن میں سینکڑوں افراد نے دوسرے متوقع لاک ڈائون کیخلاف احتجاج کیا۔مظاہرین کا مطالبہ تھا دوسرا لاک ڈائون نہ لگایا جائے۔ ٹرافلگر سکوائر پر مظاہرین نے پولیس سے الجھنے کی بھی کوشش کی۔کورونا ویکسین کے حوالے سے ماہرین نے خبردار کر دیا کہ ویکسین بن بھی گئی تو2021 میں دنیا کے صرف 10 میں سے ایک شخص کو فراہم کی جا سکے گی۔یونانی جزیرے لیسبوس کے موریا کیمپ میں آتشزدگی کے بعد تقریبا 9000 پناہ گزینوں کو نئے عارضی کمیپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔