بلاول بھٹو زرداری انڈیا کے دورے پر روانہ

0
64

اسلام آباد(پاکستان نیوز) پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جمعرات کو انڈیا کے شہر گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں شرکت کے لیے انڈیا روانہ ہو رہے ہیں۔ یہ کسی بھی پاکستانی وزیرخارجہ کا گزشتہ 12 برس میں انڈیا کا پہلا دورہ ہے۔ اس سے قبل 2011 میں سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر انڈیا گئی تھیں۔ بعدازاں سابق وزیراعظم نواز شریف بھی 26 مئی 2014 کو امن کا پیغام لے کر انڈیا گئے تھے۔ اس کے بعد 25 دسمبر 2015 کو نواز شریف کی سالگرہ کے دن انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے افغانستان سے واپسی پر پاکستان کا سرپرائز دورہ کیا تھا۔ یہ بظاہر ایک نجی نوعیت کا دورہ تھا لیکن اس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری لانے پر بات چیت ہوئی تھی۔ انڈیا اور پاکستان کے درمیان 5 اگست 2019 کے بعد سے تجارتی اور سفارتی تعلقات سردمہری کا شکار ہیں جب انڈیا کی حکومت نے اپنے زیرانتظام جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے اسے یونین ٹیریٹریز میں بدل دیا تھا۔ پاکستان نے اس اقدام کو یکطرفہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے اسے تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کشمیریوں کی حق رائے شماری کے اپنے موقف کو دہرایا تھا۔ پانچ اگست 2019 کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان سیاسی تعلقات میں تناو دیکھنے میں آتا رہا اور سابق وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر انڈیا کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔ اس دوران انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں پلوامہ حملہ، انڈیا کی جانب سے پاکستان پر سرجیکل سٹرائیک اور انڈین پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کی پاکستانی حدود میں گرفتاری اور پھر رہائی جیسے واقعات پر دونوں ممالک کے درمیان گرم سرد بیانات کا تبادلہ جاری رہا۔ اب پاکستان میں قائم اتحادی حکومت کے دور میں پاکستان کے اعلی سطحی وفد کا انڈیا جانا ایک بڑی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here