بپھرا ہوا موسم سنبھل گیا، سیاہ بادل چھٹنے لگے، کرکٹ کا میلہ کل سجے گا

0
356

کراچی:

کراچی کا بپھرا ہوا موسم سنبھل گیا، سیاہ بادل چھٹنے لگے جب کہ کرکٹ کا میلہ کل سجے گا۔

کراچی میں آخری ون ڈے انٹرنیشنل 2009 میں کھیلا گیا تھا، اس وقت یہاں ایکشن میں نظر آنے والی مہمان ٹیم سری لنکا بعد میں لاہور میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوران دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بنی اور پاکستان کے میدان ویران ہوگئے۔

مئی 2015 میں زمبابوین ٹیم کی لاہور آمد کے بعد سے ملک میں بتدریج انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر جاری ہے،پی ایس ایل میچز، ورلڈ الیون، سری لنکن ٹیم کی واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبانی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیسے قدم اٹھائے جا چکے، اب10 سال بعد کراچی میں قدم رکھنے والی سری لنکن ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز سے تاریخ رقم ہونا تھی لیکن خلاف معمول ہونے والی بارشوں نے شائقین، پی سی بی اور کرکٹرز سب کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

 

میدان کی حالت کھیلنے کے قابل نہ ہونے کا خدشہ محسوس کرتے ہوئے پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے اتفاق رائے سے اتوار کو ہونے والا میچ پیر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

گذشتہ روز دونوں ٹیموں کے کھلاڑی تو ہوٹل تک محدود رہے لیکن موسم نے انگڑائی لی اور مطلع صاف رہا، مسلسل دھوپ نکلی رہی جس سے میدان کو خشک کرنے میں خاصی مدد ملی، اس صورتحال پر پی سی بی حکام نے بھی سکھ کا سانس لیا، جمعے کو بارش کے بعد نیشنل اسٹیڈیم اور اطراف میں موجود پانی کے تالاب نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی میڈیا کی نظروں میں بھی آئے، غیر ملکی ویب سائیٹس پر درجنوں تصاویر پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بنتی رہیں۔

نکاسی آب کی ناکافی سہولیات اور میدان کو کور کرنے کا کوئی انتظام نہ ہونے پر خاصی تنقید بھی ہوئی، پی سی بی نے اس کا حل یہ نکالا کہ ہفتے کو میڈیا کے نمائندوں کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت ہی نہیں دی گئی۔

پیشگوئی کے مطابق اتوار اور پیر کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا لیکن بارش کا امکان ظاہر نہیں کیا گیا،امید ہے کہ شائقین کرکٹ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کی خواہش پوری کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، سری لنکن ٹیم  اتوار کی دوپہر 2 سے 5 جبکہ پاکستانی اسکواڈ شام 6 سے رات 9 تک پریکٹس کرے گا،اس دوران پریس کانفرنسز بھی طے ہیں۔

دوسری جانب سری لنکن میڈیا کے مطابق بورڈ عہدیداروں کی کراچی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا،بورڈ کے صدر شمی سلوا ہفتے کو پاکستان کیلیے عازم سفر ہوئے تھے،سیکریٹری موہن ڈی سلوا کی روانگی اتوار کو شیڈول تھی، وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو اگر اتوار کو روانہ نہ ہوئے تو پیر کو اڑان بھریں گے،ذرائع کے مطابق ان کا قیام کراچی میں سری لنکن ٹیم کے ہوٹل میں ہی ہوگا۔

یاد رہے کہ آئی لینڈز کا دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے،مہمان عہدیداروں کے اطمینان پر دسمبر میں دونوں ملکوں کی ٹیسٹ سیریز کے انعقاد کا امکان بھی روشن ہوجائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here