یورپی یونین سے ہر صورت 31 اکتوبر کو نکل جائیں گے، برطانوی وزیراعظم

0
157

مانچسٹر:

بریگزٹ ڈیل میں پھنسے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن ہر حال میں 31 اکتوبر کو یورپی یونین سے نکل جانے کے عزم پر قائم ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن نے مانچسٹر میں پارٹی اجلاس سے خطاب میں بریگزٹ ڈیل پر مایوس اراکین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بریگزٹ معاہدے کے لیے ایسی تعمیری اور قابل قبول تجاویز تیار کی ہیں جن کی بدولت یورپی یونین سے انخلا کا عمل 31 اکتوبر کو ہر صورت میں مکمل ہو جائے گا۔

بورس جانسن نے بریگزٹ ڈیل کے لیے مرتب کی گئی تجاویز اور ممکنہ معاہدے کے خدوخال پر اراکین کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک کے رہنماؤں کو اس معاہدے پر لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور برطانیہ خود بھی ضد پر اڑے رہنے سے اجتناب کرے گا جس سے معاہدے پر اتفاق کی راہ ہموار ہوگی۔

 

برطانوی وزیراعظم نے مزید کہا کہ یورپی یونین سے انخلا کے معاملے پر ان کی جانب سے دی گئی تجاویز کا انکار ممکن نہیں رہے گا، ان تجاویز سے انکار کی صورت میں صرف ’نوڈیل بریگزٹ‘ ہی باقی رہ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یورپی کمیشن کے سربراہ  کو  ٹیلی فون کرکے ان تجاویز سے آگاہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ ریفرنڈم کے نتیجے میں برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلا کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم دو سال گزرنے کے باوجود انخلا پر برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان متفقہ معاہدہ طے نہیں پاسکا ہے جس پر سابق وزیراعظم تھریسامے کو بھی مستعفی ہونا پڑا تھا اور موجودہ وزیراعظم کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here