کراچی:
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 11 کے انتخابی نتائج میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ ہم دوبارہ الیکشن کراکے اپنی انتخابی نشست واپس لیں گے۔
اپنے بیان میں بلاول نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا گیا، پولنگ کا عمل جان بوجھ کر سست کردیا گیا اور دوران پولنگ ہماری خواتین ووٹرز کو ہراساں کیا گیا جب کہ خواتین کو جی ڈی اے کو ووٹ دینے کے لیے دھمکیاں دی گئیں۔
یہ پڑھیں: پیپلز پارٹی کو اپنے گڑھ میں شکست کا سامنا، جی ڈی اے کامیاب
چیئرمین پی پی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری اپیل کا نوٹس نہیں لیا، الیکشن کمیشن کو بتایا مگر اس کی خاموشی میں بدنیتی کا ارادہ واضح تھا، ہم دھاندلی کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی نتیجے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت کو چھپایا نہیں جاسکتا، ہم اس سلیکشن کو بے نقاب کریں گے ہم دوبارہ الیکشن میں اپنی نشست واپس لیں گے، ہم نے سیاسی انجینئرنگ کے باوجود مخالف اتحاد کے ووٹوں کی برتری کم کردی۔