اسلام آباد:
سابق وزیراعظم نواز شریف کے بعد سابق صدر آصف زرداری کی طبیعت بھی ناسازہو گئی۔
ٹیسٹ رپورٹ میں پلیٹلیٹس 90 ہزار کم ہو گئے۔ کمراورگردن میں شدید تکلیف بھی سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کی ریڑھ کی ہڈی کے مہروں (اسپائنل کارڈ) میں خلا پیدا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے انھیں چلنے پھرنے میں تکالیف کا سامنا ہے جب کہ اسپائنل کارڈکا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ ان کا علاج پاکستان میں دستیاب نہیں۔ سابق صدرآصف زرداری کو اسپائنل کارڈ سمیت دیگرطبی مسائل کا سامنا ہے۔ ان کی ریڑھ کی ہڈی کے مہرے L1،S4،S5 میں سنگین نوعیت کے مسائل سامنے آئے ہیں۔ آصف علی زرادری کوبکتربند گاڑی میں لایاجاتا ہے۔ جس کی وجہ سے ان کی کمر کے مہروں میں مزید تکلیف بڑھ جاتی ہے جنھیں طبی زبان میں اسپانڈولوسس کہا جاتاہے۔
دوسری جانب آئی این پی کے مطابق پمزہسپتال کے کارڈیک وارڈ میں زیرعلاج آصف زرداری کی ٹیسٹ رپورٹ میں ان کے 90 ہزار پلیٹلیٹس کم ہونے کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے پلیٹلیٹس کی تعداد تقریبا ڈیڑھ لاکھ ہونی چاہیے۔ انھیں کمر اور گردن میں شدید تکلیف کا بھی سامنا ہے۔
ڈاکٹرز نے ان تکالیف کے باعث انھیں نیند کی گولیاں شروع کرا دی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عارضہ قلب کے مریض کے پلیٹلیٹس میں کمی معمول کا حصہ ہے۔ پلیٹلیٹس میں کمی زیر استعمال ادویات کا ردعمل ہو سکتی ہے۔