لاہور:
بسمہ معروف نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی سیریزکی ٹرافی پاکستان کے نام کر دی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کو پہلا نقصان 35رنز پر سدرہ امین(19) کی صورت میں اٹھانا پڑا، دوسری وکٹ کی شراکت میں جویریہ ودود نے بسمہ معروف کے ہمراہ 95رنز کی شراکت سے ٹوٹل 135تک پہنچایا، انھوں نے 44گیندوں پر 2چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے،تیسری وکٹ143 پر گری، ارم جاوید صرف 3 رنز بنا سکیں۔
کپتان بسمہ معروف 70پر ناقابل شکست رہیں، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 9چوکے شامل تھے،گرین شرٹس نے 3 وکٹ پر167 رنز بنائے، جہاں آرا نے 2 اور لتا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی عائشہ رحمان 5اورشمسہ سلطانہ11 تک محدود رہیں، سنجیدہ اسلام نے 45 کی اننگز کھیلی، نگار سلطانہ21رنز بنا سکیں۔
سلمیٰ خاتون اور رومانہ احمد کو کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہ مل سکا، فرگانہ نے30رنز اسکور کرکے کچھ مزاحمت کی، لتا 16 اور جہاں آرا 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں،ٹیم7 وکٹ پر 152 رنز بناپائی، سعدیہ اقبال نے 3، ثنامیر، ڈیانا بیگ اور انعم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، پاکستان نے پہلا میچ 14رنز سے جیتا تھا، تیسرا اور آخری مقابلہ بدھ کو ہوگا۔