واشنگٹن:
امریکی وزرات خارجہ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران دہشت گردوں کی مدد کرنے والے ممالک میں اب بھی پہلے نمبر پر براجمان ہے۔
امریکی وزارت خارجہ نے سال 2018 کے لیے دہشت گردی سے متعلق اپنی رپورٹ کا اجرا کر دیا ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران دہشت گرد تنظیموں پر ایک ارب ڈالر خرچ کرکے تاحال دنیا میں دہشت گردی کا معاون سب سے بڑا ملک ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے شعبہ انسداد دہشت گردی کے امور کے رابطہ کار نیتھن سیلز نے مزید بتایا کہ یہ رقم ایران نے پاسداران انقلاب کے ذریعے حزب اللہ اور حماس وغیر کو فراہم کی گئی اور یہ سلسلہ تاحال جاری و ساری ہے اور جس کا مقابلہ کرنا امریکا کی اولین ترجیح ہے۔
رپورٹ میں دہشت گردی تنظیموں کی فہرست میں النصرہ فرنٹ اور افریقی داعش تنظیم سمیت مزید 50 تنظیموں کا اضافہ کیا گیا ہے جن کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی اور ان تک پہنچنے والی فنڈنگ کو روکنے کیلیے راست اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔
امریکی وزارت خارجہ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ 2018 کے دوران داعش نے اپنے دائرہ کار کو بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا جس کے لیے مختلف نیٹ ورکس اور چھوٹی جماعتوں کو استعمال کیا جب کہ دہشت گردی میں ٹیکنالوجی کے استعمال میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔