لاہور:
سابق کپتان محمد حفیظ نے پاکستانی ٹیم کو مشورہ دیاہےکہ وہ آسٹریلیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کرے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ بلے بازوں کو چاہیے کہ وہ اپنے نیچرل اندازمیں کھیلیں، اگر اپنی صلاحیتوں کا کھل کر مظاہرہ کریں گے تو میزبان ٹیم کے خلاف پرفارمنس کا معیار بہتر ہوسکتا ہے۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا دعاگو ہوں کہ پاکستانی ٹیم تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی پاکر سیریز ایک ایک سے برابر کرنے میں کامیاب ہو، افتخار احمد نے دوسرے میچ میں شاندار اننگز کھیل کر یہ ثابت کیاہےکہ اگر ہر بلے باز اپنے اسٹائل میں کھیلے تو ان وکٹوں پر اور ان بولرز کے خلاف پرفارمنس دی جاسکتی ہے۔
محمد حفیظ نے مزید کہا کہ ایک دوسرے کو بیک کرنے کی ضرورت ہے، یہ ٹورکبھی آسان نہیں رہا لیکن اچھی پلاننگ کے ساتھ نتائج اچھے مل سکتے ہیں، بابر اعظم نے اب تک اچھی اننگز کھیلی ہیں،اسے تسلسل کے ساتھ پرفارم کرنا ہوگا، بولرز کو بھی دیکھنا ہوگا کہ وہ کس وجہ سے زیادہ کارگر ثابت نہیں ہورہے۔