اسلام آباد:
اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے ملک بھر سے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد جے یو آئی (ف) کے رہنما اکرم درانی نے پریس کانفرنس میں ملک بھر سے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیاتاہم انہوں نے کہا کہ چار نکات کا حصول ہمارا نصب العین ہے، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے عمران خان اب گھر جائیں۔
اکرم درانی نے احتجاجی مظاہرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج رات سے کارکن رہبر کمیٹی کے کہنے پر تمام سڑکیں کھول دیں، سڑکیں اور شاہراہیں بند نہ کی جائیں بلکہ ضلعی سطح پر جلسے ہوں گے، اب سڑکیں بند نہیں ہوں گی عوام کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔
اکرم درانی کا کہنا تھا کہ رہبر کمیٹی نے حکومت پر دباؤ بڑھانے کی پالیسی کو درست قرار دیا ہے، رہبر کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ فوری طور پر اے پی سی بلائی جائے، کل پرسوں جلسوں کا پلان سامنے آئے گا، الیکشن کمیشن کے ممبران کو مشترکہ نامزدگی کی جائے گی، رہبر کمیٹی کل الیکشن کمیشن کے سامنے پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس کو سننے کے لیے احتجاج کرے گی۔