حکومت مسئلہ کشمیر کو پہلی ترجیح بنائے تو قوم ساتھ دیگی، سراج الحق

0
414

لاہور / تیمر گرہ:

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

وزیر خارجہ نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی وزارتِ خارجہ آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے اب تک کی جانے والی کاوشوں، بین الاقوامی روابط سے آگاہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے اس سلسلے میں تجاویز پیش کیں۔ دونوں راہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ کشمیر پر اس وقت ’’ابھی نہیں تو کبھی نہیں ‘‘کی صورتحال بن گئی ہے۔

اس موقع پر سراج الحق نے حکومت کو تجاویز سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کیلیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ حکومت کشمیر کی آزادی کو اپنی پہلی ترجیح بنائے اور اس مسئلہ پر فوکس کرے۔حکومت مسئلہ کشمیر کو اپنی پہلی ترجیح بنائے گی تو قوم حکومت کا ساتھ دے گی۔

 

سراج الحق نے مزید کہاکہ  اب آزاد اور انصاف پسند دنیا کا فرض ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کی طرف بھرپور توجہ دے۔ اس وقت کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر ہونے والی خلاف ورزیوں کو روکنے کی فوری ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ان تجاویز کی روشنی کی آئندہ کا لائحہ طے کرے گی۔

دوسری جانب تحصیل کونسل بلامبٹ کے نا ظمین اور کو نسلرز کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کشمیر صرف مزاکرات سے نہیں جہاد سے آزاد ہو گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here