پاکستان کی پہلی خلاباز تاریخی خلائی مشن کے لیے تیار

0
208

واشنگٹن(پاکستان نیوز)پہلی پاکستانی خلابازنمیرہ سلیم اس سال اپنے خلائی سفر کا آغاز کرنے کیلئے بالکل تیار ہیں، وہ خلائی مسافر کا مقام حاصل کرچکی ہیں، توقع ہے ان کے آنے والے خلائی مشن کو وسیع پیمانے پر پزیرائی ملے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نمیرہ سلیم خلا میں سفر کرنے والی پہلی پاکستانی ہیں، ورجن گلاکٹیک کی بانی خلانورد نے 29 نومبر 2022 کو نشست نامزد کی اور انہیں سفر کا پہلا موقع خلاباز 019 کے طور پر فراہم کیا جائے گا، ورجن گلاکٹیک ہولڈنگز نے باضابطہ طور پر بتایا ہے کہ نمیرہ سلیم کا یہ سفر 5 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گلاکٹیک 04 کے مشن میں تین نجی خلاباز شامل ہیں جو خلا میں تلاش اور مہم جوئی کیلئے اپنے مشترکہ جوش و جذبے سے متحد ہو کر اس منصوبے میں متنوع پس منظر اور ثقافتوں کا حصہ ڈالیں گے، ان خلابازوں میں سے ایک جسے خلاباز 017 کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، ان کا تعلق امریکہ سے ہے، دوسرے خلاباز 018 کا تعلق برطانیہ سے ہے جب کہ خلاباز 019 اس شاندار مشن میں پاکستان کی نمائندگی کرتی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ جنوبی فرانس میں آباد پاکستانی خاندان سے تعلق رکھنے والی نمیرہ سلیم خلا میں سفر کرنے والی پہلی پاکستانی ہیں، 2006 میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں باضابطہ طور پرپہلی پاکستانی خلاباز کے طور پر تسلیم کیا گیا، 2007 میں نمیرہ نے پاکستان کیلئے سیاحت کی اعزازی سفیر کے طور پر خدمات انجام دیں، جنہیں وزارت سیاحت نے مقرر کیا تھا، وہ اپریل 2007 میں قطب شمالی اور جنوری 2008 میں قطب جنوبی تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی ہیں، انہیں تاریخی فرسٹ ایورسٹ اسکائی ڈائیو 2008 کے دوران مانٹ ایورسٹ پر اسکائی ڈائیو کرنے والی پہلی ایشیائی اور پہلی پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نمیرہ سلیم امن کیلئے بھی کام کرتی رہی ہیں، 2011 میں صدر پاکستان نے انہیں ملک کے اعلی ترین سول ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا، انہیں بین الاقوامی امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوششوں پر ستمبر2013 میں لندن میں پاکستان پاور 100 کی طرف سے پاور 100 ٹریل بلزر ایوارڈ سے نوازا گیا، نمیرہ سلیم کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ پاکستان پاور 100 کی ویمن پاور میں شامل رہی ہیں۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی سے پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرہ سلیم نے ملاقات کی اور انہیں 5 اکتوبر کو اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا، جس پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے نمیرہ سلیم کو خلائی سفر شروع کرنے پر حکومت پاکستان، وزیراعظم اور عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here